48

ڈپٹی کمشنر ساہیوال کی قیادت میں گرین اینڈ کلین پنجاب آگاہی واک

ساہیوال (ساہیوال نیوز – 16 جنوری 2020 – عقیل اشفاق) ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین ساہیوال کا خواب عوام کی بھر پور شرکت اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں ، محلے اور آبادی کی سطح پر شہری صفائی کمیٹیاں قائم کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں بلدیہ سے تعاون کریں –

گھروں اور دوکانوں سے صفائی کے بعد کوڑا گلی یا سڑک پر پھینکنے سے صفائی ممکن نہیں لہذا ہر فرد اس خصوصی مہم میں اپناکردار ادا کرے –

انہوں نے یہ بات عارف والا روڈ، عنایت الہی کالونی ، بیرون لاری اڈا اور بابا فرید کالونی میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہی –

اس موقع پر تحریک انصاف کے مقامی رہنما شیخ محمد چوہان ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان ، ٹی ایم اوزبیر حسین نت ، سول سوسائٹی کے رہنما شیخ اعجاز احمد رضا اور تاجر رہنما شیخ نعمان آصف کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران ، سکولوں میں بنائے گئے ماحولیاتی سفیروں اور مقامی افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے –

انہوں نے کہا کہ صفائی ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن ہمار ے معاشرے میں صفائی کو سب سے کم اہمیت دی جا رہی ہے جو ہمارے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے –

انہوں نے کہا کہ روزانہ شہریوں کی شکایات صفائی کی ابتر صورتحال ،سیوریج لائنوں کی بندش اور پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سے متعلق موصول ہوتی ہیں لیکن یہ شکایات اسی وقت دور ہو سکتی ہیں اگر بحیثیت معاشرہ ہر فرد صفائی رکھنے میں بلدیہ کے عملے سے تعاون کرے-

ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے پہلے 15دنوں میں شہر کے تمام 42 واٹر پلانٹس اور 8اوور ہیڈ ٹینکیوں کی صفائی اور کلورائزیشن کرائی جا چکی ہے -شہر سے 2 ہزار ٹن کوڑا اٹھایا جا چکا ہے جبکہ 15کلو میٹر طویل سیوریج لائنوں اور ڈرینز کی صفائی بھی مکمل کر لی گئی ہے –

اظہر دیوان نے مزید بتایا کہ شہر کے پانچ بڑے پارکس فریدیہ پارک، پی ایچ اے پارک ، کنعان پارک ، یاد گار پارک اور لیڈیز پارک کو بھی بہتر بنا دیا گیا ہے –

تحریک انصاف کے رہنما شیخ محمد چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر شہری کی اس مہم میں شرکت کے بغیر ساہیوال کو صاف نہیں رکھا جا سکتا اس لئے شہر کا ہر باسی اپنی ذمہ داری محسوس کرے اور صفائی میں انتظامیہ سے تعاون کرے –

انہوں نے یقین دلایا کہ محلہ کمیٹیاں قائم کر کے گلی محلوں کی صفائی کے لئے بھی عوام کی تربیت اور رہنمائی کی جائے گی – بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے عارف والا روڈ اور ملحقہ آبادیوں میں خصوصی صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا –

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں