ڈی پی ایس ساہیوال کے راوی کیمپس کے لیے جگہ کی فراہمی کی منظوری

 ڈی پی ایس ساہیوال کے راوی کیمپس کے لیے جگہ کی فراہمی کی منظوری

ساہیوال : پنجاب حکومت نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کے دوسرے راوی کیمپس کے لئے جگہ کی فراہمی کی اصولی منظوری دیدی ہے جس پر نئے کیمپس کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی –

سرکٹ ہاؤس کے قریب یہ کیمپس 14ایکٹر جگہ پر تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے جگہ کی الاٹمنٹ سابق کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے کی تھی جو اب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب تعینات ہیں۔

یہ بات ڈی پی ایس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بتائی گئی جو کمشنر ساہیوال محمد احسن وحید کی سربراہی میں منعقد ہوا –

اجلاس میں پرنسپل بریگیڈئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی، ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ انیس الرحمن اور ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے حبیب جیلانی وینس کے علاوہ بورڈ ممبران پروفیسر قمرالزمان خان، میاں محمد صدیق کمیانہ، سید افتخار حسین شاہ، میاں محمد یونس اور چوہدری سلطان محمود نے بھی شرکت کی –

اجلاس میں بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو نے صوبہ بھر میں قائم تمام ڈویڑنل پبلک سکولز کو سرکاری جگہ کی فراہمی کی پالیسی منظور کر لی ہے جس کے تحت سکولوں کو 5ہزار روپے فی ایکٹر سالانہ لیز پر جگہ دی جائے گی –

اس پالیسی کے تحت ڈی پی ایس ساہیوال مین کیمپس کی 61ایکٹر، ڈی پی ایس ساہیوال کے نئے راوی کیمپس کی 14ایکٹر اور ڈی پی ایس چیچہ وطنی کی 7 ایکٹر سرکاری زمین کی لیز ممکن ہو سکے گی –

کمشنر محمد احسن وحید نے لیز کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تا کہ نئے کیمپس پر تعمیراتی کام شروع ہو سکے –

بورڈ اجلاس میں پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے سکول کی نصابی و ہم نصابی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ساہیوال کیمپس میں دو شفٹوں میں 8281 بچے زیر تعلیم ہیں جن کے لئے 357 اساتذہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

اسی طرح چیچہ وطنی کیمپس میں 1207سٹوڈنٹس زیر تعلیم ہیں جہاں 50ٹیچرز اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں –

انہو ں نے مزید بتایا کہ سال 2018 میں سکول کے 530 بچوں نے میٹرک اور 509 بچوں نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کی جس میں سے بالترتیب 427اور286 بچوں نے Aپلس گریڈ حاصل کیا –

اسی طرح 2019کے امتحانات میں 556بچے میٹرک اور 598بچے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شریک ہوئے اور بالترتیب 430اور 357 بچوں نے A پلس گریڈ حاصل کیا جو ڈویڑن بھر کے تمام سکولوں میں سب سے بہتر کارکردگی ہے –

انہو ں نے مزید بتایا کہ ہم نصابی سرگرمیوں خصوصا تقرری مقابلوں اور انٹر بورڈ کھیلوں میں بھی سکولوں کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی –

کمشنر محمد احسن وحید نے سکول کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی اور تمام سٹاف کی خدمات کو سراہا اور ہدایت کی کہ سکول کے نصابی و ہم نصابی معیار مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے –

Arshad Farooq

https://sahiwalnews.com.pk

ارشد فاروق بٹ ایک نجی کالج میں لیکچرار ہیں اور ہمیں تعلیم سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے