Home / ساہیوال فیچرز / History of Shergarh | تاریخ شیر گڑھ
daud bandagi kirmani mausolium

History of Shergarh | تاریخ شیر گڑھ

تحریر : ارشد فاروق بٹ
شیرگڑھ تحصیل رینالہ خورد سے تقریباً 18 کلومیٹر کے فاصلے پر حجرہ شاہ مقیم روڑ پر واقع ہے، شیر گڑھ کے لغوی معنی شیر کی کچھار ہے۔ یہ قصبہ کافی تاریخی اہمیت کا حامل ہے، کہا جاتا ہے کہ سولویں صدی عیسوی میں ملتان کے گورنر فتح جنگ خان نے اس شہر کا نام ہندوستان میں افغان بادشاہ شیر شاہ سوری کے اعزاز میں رکھا۔ جس نے یہاں ایک قلعہ بھی تعمیر کیا اور یہاں کچھ عرصہ رہائش بھی کی.

شیرگڑھ مشہور صوفی بزرگ داؤد بندگی کرمانی کے مزار اور سالانہ میلے کے باعث مشہور ہے۔ آپ مظفر گڑھ کے ایک گاؤں سیتاپورمیں پیدا ہوئے اور شیرگڑھ ہجرت کے بعد یہیں رہے اور وفات پائی، آپ کے آباواجداد نے ایران کے ایک صوبے کرمان سے پاکستان ہجرت کی تھی.

ان کے مریدین کا دعوی ہے کہ ان کا نسب آل رسول سے جا ملتا ہے، انہوں نے اوچ کے ایک روحانی پیشوا سے ابتدئی مذہبی تعلیم حاصل کرنے کے بعد شیر گڑھ میں صوفی ازم کے لیے کام کیا، انہوں نے ساہیوال، فیصل آباد، شیخوپورہ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ کے بہت سے قبائل کو مسلمان کیا.

اگرچہ داؤد بندگی کرمانی شیر گڑھ میں رہے لیکن انہوں نے مقامی سطح پر زیادہ کام نہیں کیا کیونکہ زیادہ تر مقامی قبائل مثلا وٹو اور جوئیے پاکپتن کے بابافرید رح کے پیروکار تھے. داؤد بندگی کرمانی کے پیروکاروں میں زیادہ تر، راجپوت، جٹ، ورک، باجوہ ، چٹھہ اور ساہی قبائل کے لوگ شامل ہیں.

ان کے مریدین کے مطابق انہوں نے تقریبا 35 ہزار افراد کو دائرہ اسلام میں داخل کیا اور تقریبا 365 افراد کو صوفیت کا فیض حاصل ہوا. ان کے نمایاں مریدین میں بالا پیر، عبدالقدیر بڑوانی، وہاب چشتی اور کمال چشتی شامل ہیں.

ان کی 1575 میں وفات کے بعد ان کے بھتیجے اور داماد شاہ عبدالمولی نے ان کی قبر پر ایک مزار تعمیر کیا، جس میں بہت سے مریدین مارچ میں حاضری دینے آتے ہیں جب عرس کی تقریبات کا آغاز ہوتا ہے. ان کا مزار مریدین کے علاوہ بہت سے متجسس مسافروں، خطاط اور فنکاروں کو بھی اپنی طرف کھینچتا ہے. مزار کی دیکھ بھال ان کے گدی نشین کرتے رہے لیکن جنرل ایوب خان نے جب زمینوں کے ریکارڈ میں اصلاحات کیں تب اس مزار کا انتظام محکمہ اوقاف نے اپنے ذمے لے لیا.

یہاں سے ملنے والے قدیم سکے اور نوادرات سے عیاں ہوتا ہے کہ یہ قصبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے آثار قدیم کشن سلطنت سے جا ملتے ہیں.

پاکستان کے مشہور فلم پروڈیوسر سید نور نے اپنی ایک فلم “چوڑیاں” میں شیرگڑھ کے کلچر کی نمائندگی کرنے کی کوشش کی ہے، اس فلم میں شیر گڑھ میں لگنے والے سالانہ میلے کے مناظر فلمائے گئے ہیں.

About Muhammad Saeed

Avatar
I am Muhammad Saeed and I’m passionate about world and education news with over 4 years in the industry starting as a writer working my way up into senior positions. I am the driving force behind Sahiwal News with a vision to broaden the company’s readership throughout 2019. I am an editor and reporter of this website. Address: Mehar Abad Colony, Chichawatni, Distt. Sahiwal, Punjab, Pakistan Phone: (+92) 300-777-2161 Email: admin@sahiwalnews.com.pk

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے